پیرافورس بھرتیاں، شفافیت یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کا دورہ
رننگ مرحلے کا معائنہ، میرٹ اور قواعد پر سختی سے عملدرآمد کیلئے ہدایات جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) پیرافورس میں جاری بھرتیوں کے دوران امیدواروں کی جسمانی فٹنس جانچنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم نے بھرتی سنٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے امیدواروں کے رننگ مرحلے کا بغور مشاہدہ کیا اور بھرتی کے دوران کیے گئے انتظامی و سیکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بھرتی کا تمام عمل مکمل شفافیت، میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ اہل امیدواروں کا منصفانہ انتخاب یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور بھرتی کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی یا بے ضابطگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ امیدواروں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور بھرتی کے عمل کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔