وہاڑی میں پالتو کتوں کی رجسٹریشن اورویکسی نیشن لازمی قرار
ڈپٹی کمشنر کا اینمل برتھ کنٹرول پالیسی کے تحت رجسٹریشن اور ویکسی نیشن پر زور
وہاڑی، میلسی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی، نمائندہ دنیا) ضلعی انتظامیہ نے اینمل برتھ کنٹرول پالیسی 2021ء کے تحت پالتو کتوں کی رجسٹریشن اور ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی۔ ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ضلع بھر میں پالتو کتوں کے مالکان کو آن لائن رجسٹریشن اور ویکسینیشن کو یقینی بنانے کے عملی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پالتو کتوں کی رجسٹریشن کے لیے ایک ویب ایپلی کیشن متعارف کرائی جائے گی جس کے ذریعے مالکان خود اپنے کتوں کا ریکارڈ درج کریں گے اور ہر گھر میں جہاں پالتو کتا موجود ہوگا، وہاں شناختی سٹکر بھی چسپاں کیا جائے گا۔اجلاس میں پالتو کتوں کی ویکسینیشن اور نیوٹر کرنے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا تاکہ ان کی آبادی کو کنٹرول کیا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔