ہیلمیٹ نہ پہننے ،کاغذات نہ ہونے پرہزاروں موٹر سائیکلیں ضبط
سینکڑوں مقدمات،محنت کش طبقہ، خواتین، بزرگ ،بچے شدید ذہنی اذیت کا شکار
وہاڑی (خبرنگار)حکومتی ہدایات کے تحت گزشتہ دو دن میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے خصوصی مہم چلائی گئی، جس کے دوران ہیلمیٹ نہ پہننے ، بغیر کاغذات یا نمبر پلیٹ موٹر سائیکل چلانے والے شہریوں کی مبینہ سرعام تذلیل کی گئی۔ اس دوران ہزاروں موٹر سائیکلیں ضبط کر لی گئیں اور سینکڑوں مقدمات درج کیے گئے ، جس کے نتیجے میں عام شہری خصوصاً محنت کش طبقہ، خواتین، بزرگ اور بچے شدید ذہنی اذیت کا شکار ہو گئے ۔روزمرہ ضروریات کے لیے گھروں سے نکلنے والے شہری پولیس کارروائیوں کی وجہ سے سڑکوں پر بے بسی کی تصویر بنے نظر آئے ۔ شہریوں نے کہا کہ قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے ، لیکن قانون کے نام پر عزتِ نفس پامال کرنا غیر ضروری ہے ۔ ہیلمیٹ نہ پہننے پر صرف جرمانہ کافی تھا، جبکہ معمولی خلاف ورزی پر خواتین، بچوں اور بزرگوں پر بھی کوئی رعایت نہ دینا ریاستی ظلم کے مترادف ہے۔