کسانوں کو10ہزار گرین ٹریکٹرز فراہم کرنیکا فیصلہ،آن لائن پورٹل کا افتتاح

کسانوں کو10ہزار گرین ٹریکٹرز فراہم کرنیکا فیصلہ،آن لائن پورٹل کا افتتاح

19ہزار گرین ٹریکٹرزسبسڈی پر فراہم کئے جاچکے ، پروگرام کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے ٹریکٹرز کی تقسیم یقینی بنائی جائیگی

ملتان (وقائع نگار خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے میں زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے اربوں روپے کے مختلف پروگرامز پر عملدرآمد جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تیسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے گرین ٹریکٹرز پروگرام کے لئے آن لائن اپلائی پورٹل کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کاشتکاروں کو درخواست دینے کے طریقہ کار اور سہولتوں سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سپیشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر، ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں، چودھری عبدالحمید، انجینئر زاہد مشتاق میر، حافظ عبد الرحمن، رانا محمود اختر اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔وزیر زراعت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب زراعت میں جدید مشینری اور میکنائزیشن کے فروغ کے لئے پُرعزم ہیں، جبکہ گرین ٹریکٹرز پروگرام صوبے میں زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی پیداوار میں اضافے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تیسرے مرحلے میں درخواست دہندگان کے لئے کم از کم پانچ ایکڑ زرعی رقبہ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔سید عاشق حسین کرمانی نے مزید بتایا کہ پروگرام کے پہلے دو مراحل میں مجموعی طور پر 19 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو سبسڈی پر فراہم کئے جا چکے ہیں۔ تیسرے مرحلے کے دوران صوبے بھر کے کاشتکاروں کو 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز سبسڈی پر دیئے جائیں گے ۔وزیر زراعت نے یقین دہانی کرائی کہ تمام حکومتی پروگرامز میں قرعہ اندازی اور سبسڈی کی فراہمی کے عمل کو مکمل شفاف بنایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق کاشتکار مستفید ہو سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں