میپکو:سپیشل کریش مینٹی نینس، مانیٹرنگ مزید سخت
رمضان و گرمی میں بلاتعطل بجلی کیلئے لائنوں، فیڈرز کی مرمت تیز کرنیکاحکم
ملتان (خصوصی رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے جنوبی پنجاب میں سسٹم کی مینٹی نینس اور اپ گریڈیشن کے لئے جاری سپیشل کریش مینٹی نینس کی مؤثر مانیٹرنگ کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک اور موسمِ گرما میں صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بجلی کی لائنوں اور فیڈرز کی مرمت اور بہتری کے اقدامات مزید تیز کئے جائیں۔تمام آپریشن سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ 11 کے وی فیڈرز کے مرمتی پروگرام کی مسلسل نگرانی کی جائے جبکہ ایس ڈی اوز اور ایکسین فیلڈ وزٹس کو یقینی بنائیں۔ سپیشل کریش مینٹی نینس کے تحت انجام دی جانے والی تمام سرگرمیوں، فیلڈ وزٹس اور افسروں کی موومنٹ کا باقاعدہ اندراج کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔