گریڈ 17 تا 20 کی خالی سکول آسامیوں کی تفصیلات طلب
چیف ایگزیکٹو اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسروں سے 27فروری تک رپورٹ طلب
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکولز نے صوبہ بھر میں گریڈ 17 سے 20 تک (مرد و خواتین) کی تازہ خالی آسامیوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ڈی ای اے ) اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (سیکنڈری ایجوکیشن) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں گریڈ 17 تا 20 کی آسامیوں کی تازہ پوزیشن علیحدہ علیحدہ (مرد و خواتین) فراہم کریں۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ گریڈ 17 کے لئے ڈپٹی ہیڈ ماسٹر/ہیڈ مسٹریس/اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سبجیکٹ سپیشلسٹ کی تعداد، تعینات افسر، خالی نشستیں، ڈائریکٹ سلیکٹی اور پروموشن کی تفصیل شامل ہو۔ گریڈ 18 میں سینئر ہیڈ ماسٹر/ڈپٹی ڈی ای او اور سینئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ، گریڈ 19 میں پرنسپلز/ڈی ای اوز اور سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ، جبکہ گریڈ 20 میں پرنسپلز/ڈویژنل ڈائریکٹرز کی منظور شدہ، تعینات اور خالی اسامیوں کی رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ اتھارٹی سے دستخط شدہ مکمل معلومات 27 فروری 2026 کو صبح 11 بجے تک واٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے ارسال کی جائیں۔ علاوہ ازیں صوبہ بھر کے ڈویژنل ڈائریکٹرز (سیکنڈری ایجوکیشن) کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ مدت میں اس حکم کی مکمل تعمیل یقینی بنائیں۔ ذرائع کے مطابق خالی آسامیوں کا درست ڈیٹا آئندہ تقرریوں، تبادلوں اور انتظامی فیصلوں میں شفافیت اور بروقت اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے مرتب کیا جا رہا ہے ۔