بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن
میپکو نے مختلف اضلاع میں 70 لاکھ روپے سے زائد واجبات وصول کئے
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے ریجن میں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں۔ احمد یار، رورل عارفوالہ، سردارپور جھنڈیر، میلسی اور منچن آباد بہاولنگر میں مجموعی طور پر 70 لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 12 ٹرانسفارمرز اور میٹرز اُتار لئے گئے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ساہیوال سرکل ناصر محمود فانی کی ہدایت پر عارفوالہ کے مختلف علاقوں میں نادہندہ زرعی ٹیوب ویل صارفین کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ 45 لاکھ 17 ہزار روپے واجبات کی طویل عرصہ سے عدم ادائیگی پر 7 نادہندہ صارفین کے کنکشنز منقطع کر کے بجلی تنصیبات قبضہ میں لی گئیں۔ اسی طرح ایکسین عارفوالہ ڈویژن اور ایس ڈی او احمد یار کی ٹیم نے 29 لاکھ 66 ہزار روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر مزید دو صارفین کے میٹرز اور ٹرانسفارمرز اُتار لئے ۔
رورل سب ڈویژن عارفوالہ کی ٹیم نے 15 لاکھ 51 ہزار روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر پانچ زرعی ٹیوب ویلوں کے کنکشنز منقطع کئے ۔ سردارپور جھنڈیر سب ڈویژن میلسی میں رینجرز اور پولیس کی نگرانی میں آپریشن میں 9 لاکھ 97 ہزار روپے واجبات وصول کئے گئے جبکہ تین زرعی ٹیوب ویلوں کے انورٹرز، پانچ میٹرز اور 60 فٹ تار قبضہ میں لے لئے گئے ۔منچن آباد سب ڈویژن میں بھی 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے واجبات کے خلاف کارروائی میں دو نادہندگان کے ٹرانسفارمرز اور 10 میٹرز اُتارے گئے ۔