فائر سیفٹی اور ایمرجنسی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایات
اے ڈی سی کا اجلاس، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع میں ایمرجنسی سروسز کی کارکردگی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ریسکیو 1122 کے افسران نے ضلع بھر میں پیش آنے والی مختلف نوعیت کی ایمرجنسیز، ریسپانس ٹائم اور سروس کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ایمرجنسی صورتحال میں بروقت کارروائی کیلئے ریسکیو سروسز ہمہ وقت تیار ہیں۔اجلاس کے دوران سرکاری و نجی عمارتوں، کمرشل پلازوں، تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی مقامات کے سیفٹی آڈٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی غور کیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے عمارتوں کے فائر سیفٹی سسٹم، ایمرجنسی اخراج راستوں اور دیگر حفاظتی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور جہاں کہیں کمی ہو اسے فوری طور پر دور کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ریسکیو سروسز اور دیگر متعلقہ محکمے باہمی رابطے کو مؤثر بنائیں اور عوام میں حفاظتی تدابیر کے بارے میں آگاہی مہم بھی جاری رکھیں۔ اجلاس میں ریسکیو 1122 سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔