اراضی تنازع،بھتیجے کا ساتھیوں سے ملکر چچا، چچی ، کزن پر تشدد

اراضی تنازع،بھتیجے کا ساتھیوں سے ملکر چچا، چچی ، کزن پر تشدد

ڈنڈوں سوٹوں سے حملہ، خاتون کو ٹانگوں سے پکڑ کر گھسیٹنے کا الزام، مقدمہ درج

 وہاڑی،گگومنڈی ( نمائندہ خصوصی ،نامہ نگار) نواحی گاؤں 287ای بی میں زمین کے تنازع پر نوجوان نے ساتھیوں کے ہمراہ اپنے چچا، چچی اور کزن پر تشدد کر ڈالا۔ خاتون کو ٹانگوں سے پکڑ کر گھسیٹنے کا بھی الزام سامنے آیا ہے ، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔تفصیلات کے مطابق گاؤں کے رہائشی غلام عباس اپنی اہلیہ رمضانہ بی بی اور 17 سالہ بیٹی آمنہ بی بی کے ہمراہ کھیتوں میں چارہ کاٹ رہے تھے ۔ اسی دوران غلام عباس کا بھتیجا فریاد بھٹی اپنے ساتھیوں بشیر بھٹی، علی رضا بھٹی اور دیگر افراد کے ہمراہ وہاں پہنچ گیا۔الزام ہے کہ ملزمان نے آتے ہی ڈنڈوں اور سوٹوں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں غلام عباس، اس کی اہلیہ رمضانہ بی بی اور بیٹی آمنہ بی بی زخمی ہو گئے ۔ متاثرہ خاتون رمضانہ بی بی کے مطابق فریاد بھٹی نے اسے ٹانگوں سے پکڑ کر گھسیٹا جس سے اس کے کپڑے پھٹ گئے اور وہ شدید ذلت کا شکار ہوئی۔اہل علاقہ کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان زمین کا تنازع پہلے سے چل رہا تھا جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔تھانہ گگومنڈی پولیس نے متاثرہ خاندان کی درخواست پر فریاد بھٹی اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں