تھانہ دانیوال :چوری کے مقدمے میں پیش رفت نہ ہوئی
حکام کو آن لائن شکایات بھی کیں ملزم آزاد ، ریکوری نہ ہوسکی: ماجد شوکت
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) شہر کے ماڈل تھانہ دانیوال کی حدود میں درج چوری کے مقدمہ نمبر 890/24 میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ متاثرہ شہری ماجد شوکت نے انصاف کے حصول کے لیے درجنوں بار سٹیزن پورٹل پنجاب اور آئی جی پنجاب کو آن لائن شکایات بھیجیں، لیکن پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث ملزمان تاحال آزاد ہیں اور مال مسروقہ بھی برآمد نہیں ہوا۔متاثرہ شہری کے مطابق مقدمہ درج کروانے کے بعد بھی تھانہ دانیوال میں صرف طفل تسلیوں کی جاتی ہیں اور بار بار چکر لگوائے جا رہے ہیں۔ پولیس کی نااہلی کے سبب ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی واپسی ممکن نہیں ہوئی، اور ایف آئی آر کے ردی کی ٹوکری میں جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔ماجد شوکت نے دوبارہ سٹیزن پورٹل پر رجوع کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے سی سی ڈی حکام ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور متعلقہ پولیس کو فوری طور پر متحرک کیا جائے تاکہ عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔