جنازہ گاہ میں جیب تراش پکڑ کرچھترول ، پولیس کے حوالے
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) جنازہ گاہ کوٹ ادو میں نماز جنازہ کے دوران ایک جیب تراش کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب سید غضنفر عباس بخاری کے بھائی سید فاروق احمد شاہ کی نماز جنازہ شمالی عید گاہ میں ادا کی جا رہی تھی، جہاں بڑی تعداد میں شہری، سیاسی و سماجی شخصیات اور اہل خانہ موجود تھے ۔عینی شاہدین کے مطابق خرم نامی شہری کی جیب سے 20 ہزار روپے جبکہ ایک اور شہری کی جیب سے 15 ہزار روپے نکالے جا رہے تھے ۔ شہریوں کی توجہ اس وقت ہوئی جب ملزم سامان نکالتے ہوئے کچھ چیزیں زمین پر گر گئیں، جس کے بعد حاضرین نے ملزم کو قابو کر لیا۔گرفتار جیب تراش کو شہریوں نے خوب چترول کرنے کے بعد پولیس سٹی کوٹ ادو کے حوالے کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ڈیرہ غازیخان کا رہائشی ہے اور واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کی تلاش بھی جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ گروہ منظم گینگ کا حصہ ہے جو جنازہ گاہوں اور بڑے اجتماعات میں وارداتیں کرتا ہے ۔ واردات کے بعد نکالا گیا سامان ساتھیوں کو دے کر خود ہجوم میں شامل ہو جاتا ہے ۔ پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایسے مشتبہ افراد سے محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک حرکت کی فوری اطلاع دیں۔