میپکو کا نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی ریجن میں رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے بقایا جات کی وصولی کے لئے آپریشن جاری ہے ۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل ملک یعقوب علی اور رینجرز حکام کی نگرانی میں ایکسین حاصل پور ڈویژن رحمت اللہ اور ایس ڈی او قائم پور سب ڈویژن مدثر ظہیر کی سربراہی میں بستی شاہ والی، بستی قادر آباد، بستی روکرانی، اڈا رضا آباد، بستی ڈوڈھیاں، بستی راملی، بستی پٹواری اسلم، بستی خان اور بستی جموں میں کارروائی کی گئی۔آپریشن کے دوران 18 لاکھ 75 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 18 نادہندگان کے سنگل اور تھری فیز میٹرز، ایک سولر انورٹر اور 540 فٹ پی وی سی کیبل اتار کر قبضے میں لے لی گئی۔ کارروائی کے دوران نادہندگان سے 2 لاکھ 68 ہزار روپے واجبات بھی وصول کئے گئے ۔دوسری جانب سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ساہیوال سرکل ناصر محمود فانی کی ہدایت پر پاکپتن ڈویژن کی مختلف سب ڈویژنوں میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ ایکسین پاکپتن ڈویژن شفیق احمد اور ایس ڈی او نورپور سب ڈویژن رانا محمد صفدر کی سربراہی میں چیکنگ ٹیموں نے چک 82/D بستی منیر والی میں چھاپہ مارا جہاں 16 مقامات پر بجلی چوری پکڑی گئی۔ملزم ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی استعمال کر رہے تھے ۔ کارروائی کے دوران 25 کے وی اے کے دو ٹرانسفارمرز اور ایل ٹی لائن کی دو اسپین بھی ختم کر دی گئیں۔ موقع پر صرف پانچ میٹرز درست پائے گئے جبکہ دیگر مقامات پر بجلی چوری کا اعتراف کیا گیا۔