ایس او ایس ولیج کے انتظامات سے مطمئن ہوں: ڈپٹی کمشنر
بے سہارا بچوں، یوتھ گرلز و یوتھ بوائز، مدرز سٹاف میں عیدی تقسیم
ملتان (لیڈی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق اور سماجی رہنما اظہر بلوچ نے گزشتہ روز ایس او ایس ویلیج میں مقیم یتیم اور بے سہارا بچوں، یوتھ گرلز و یوتھ بوائز، مدرز اور تمام سٹاف میں نقد عیدی تقسیم کی۔ اس موقع پر ادارہ کے ڈائریکٹر کامران یوسف اور دیگر سٹاف ممبران بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق نے خطاب میں کہا کہ میں ایس او ایس ولیج کے انتظامات دیکھ کر مطمئن ہوا ہوں، یہاں بچوں کو دیکھ کر دل بھر آیا ہے ۔ میں ملتان میں تعیناتی کے دوران ان بچوں کے ساتھ رابطے میں رہوں گا اور میری خواہش ہے کہ یہ بچے اعلی تعلیم حاصل کر کے اعلی عہدوں پر فائز ہوں۔ انہوں نے اظہر بلوچ کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔اظہر بلوچ نے کہا کہ گزشتہ 25 سال سے میں بچوں کے ساتھ ہر عید اور خوشی کے موقع پر موجود ہوں اور یہ سب والدین، اہل خانہ اور عزیز و اقارب کی مغفرت کے لیے کرتا ہوں۔ ادارہ کے ڈائریکٹر کامران یوسف نے بتایا کہ یہاں معصوم بچوں سے لے کر بڑوں تک سے یکساں سلوک کیا جاتا ہے ، ہر بچے کے لیے علیحدہ گھر اور مدرز دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر اور اظہر بلوچ نے فرداً فرداً تمام بچوں میں نقد عیدی تقسیم کی جبکہ نظامت کے فرائض مظہر جاوید سیال نے انجام دیے ۔