سکولوں کی مانیٹرنگ اے ای اوز کے سپرد

سکولوں کی مانیٹرنگ اے ای اوز کے سپرد

کل سے مانیٹرنگ کا آغاز،سکول کھلنے کے وقت طلبہ اور عملے کی حاضری، صفائی ، نان سیلری بجٹ، فنڈز کے ریکارڈ، سکیورٹی انتظامات کی جانچ کرنا ہوگا تمام کلاس رومز میں ٹائم ٹیبل آویزاں اور رجسٹرز درست حالت میں رکھنا لازمی ہوگا،، دو وارننگ کے بعد برطرفی، تادیبی کارروائی کی ہدایات بھی جاری

ملتان (خصوصی رپورٹر) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری سکولوں کی کارکردگی اور انتظامی معیار بہتر بنانے کے لیے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کو باقاعدہ مانیٹرنگ کے فرائض سونپنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈویژنل ڈائریکٹر کی ہدایت پر منگل سے مانیٹرنگ کا عمل شروع ہو گا، جس میں ہر تحصیل سے ایک AEO خصوصی مانیٹرنگ ٹیم کا رکن مقرر ہوگا۔مانیٹرنگ میں سکول کھلنے کے وقت طلبہ اور عملے کی حاضری، سکول کی صفائی بشمول چھتیں، طلبہ کی ہیڈ کاؤنٹنگ، نان سیلری بجٹ اور فری ٹیکسٹ بکس فنڈز کے ریکارڈ کی جانچ شامل ہوگی۔ فنڈز کے اخراجات، بل، رسیدیں اور رجسٹرز کی درستگی بھی چیک کی جائے گی۔ سکول کونسل اور والدین کے نمائندوں کے ڈیٹا کی تصدیق بھی لازمی ہوگی۔اساتذہ کی حاضری، ہوم ورک کی جانچ، سکول کے سکیورٹی انتظامات، پنکھے ، بجلی، فرنیچر اور صاف پانی کی دستیابی بھی مانیٹرنگ میں شامل ہیں۔ تمام کلاس رومز میں ٹائم ٹیبل آویزاں ہونا اور رجسٹرز درست حالت میں رکھنا لازمی ہوگا۔ڈویژنل ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ خود بھی اچانک سکولوں کے دورے کریں گے اور رپورٹ اور زمینی صورتحال میں فرق پائے جانے پر ذمہ داری متعلقہ افسر پر عائد ہوگی۔ اساتذہ کے لیے تادیبی کارروائی کی ہدایات بھی جاری کی گئیں، جن میں دو وارننگ کے بعد براہِ راست برطرفی شامل ہے ۔ منگل سے باقاعدہ مانیٹرنگ کا آغاز کیا جائے گا اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں