ملتان کیلئے سیوریج ماسٹر پلان تیار کرنے کاحکم
حکام کو آئندہ 40سے 50سال کی ضروریات کو مدنظر رکھنے کی ہدایت
ملتان(وقائع نگار خصوصی )کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ملتان شہر کے سیوریج اور نکاسی آب کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے واسا حکام کو آئندہ 40سے 50 سال کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر جامع سیوریج ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی۔کمشنر عامر کریم خاں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے بڑھتے ہوئے مسائل کے پیش نظر روایتی اور عارضی اقدامات کافی نہیں، بلکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ طویل المدتی منصوبہ بندی ناگزیر ہوچکی ہے ۔ انہوں نے واسا کو ہدایت کی کہ سیوریج سسٹم کی مکمل اپ گریڈیشن، پرانے نیٹ ورک کی تبدیلی اور نئے علاقوں تک توسیعی منصوبے فوری تیار کرکے پیش کئے جائیں۔کمشنر نے کہا کہ ملتان کا سیوریج مسئلہ ایک دیرینہ شہری مسئلہ بن چکا ہے ، جس کے مستقل حل کیلئے حکومت پنجاب کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا جائیگا۔