مظفرگڑھ میں پیرا ضلعی آفس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا
ذخیرہ اندوزی، تجاوزات ، گرانفروشی کیخلاف مؤثر کارروائی ہوگی، ڈپٹی کمشنر
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)مظفرگڑھ میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی پیرا کے ضلعی آفس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے ۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ، ضلعی افسران اور پیرا فورس کے نمائندگان نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ پیرا فورس کا قیام حکومت پنجاب کا ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد ذخیرہ اندوزی، ناجائز تجاوزات، گرانفروشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کیخلاف مؤثر کارروائی کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیرا آفس کے قیام سے عوامی شکایات کے فوری ازالے اور قانون پر عملدرآمد میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پیرا فورس مل کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے ، سرکاری احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے اور قانون کی بالادستی قائم رکھنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرینگے ۔تقریب کے اختتام پر آفس کا معائنہ کیا گیا اور عملے کو اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دینے کی ہدایت کی گئی۔ ڈسٹرکٹ چیف پیرا فورس حافظ خورشید نے کہا کہ پیرا فورس کے آفس کے قیام سے ضلع میں پیرا فورس کی سرگرمیوں کو مزید منظم اور موثر بنایا جائے گا۔