منشیات فروشوں، ڈکیت گینگزکیخلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کا حکم
ملتان (کرائم رپورٹر)سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں، ڈکیت گینگز اور۔۔
دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کرنے کا حکم دے دیا ،گزشتہ روز سی پی او کمپلیکس میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا،جس میں کی پرفارمنس انڈیکیٹرز اور پینڈنگ چلان سے متعلق بریفنگ دی گئی اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس میٹنگ میں ایس ایس پی آپریشنزملتان حیدر علی ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملتان محمد طاہر سی پی او ملتان کے ہمراہ تھے جبکہ ملتان پولیس کے ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔سی پی او ملتان نے اجلاس کے دوران پولیس کی مجموعی کارکردگی، جرائم کی روک تھام، عوامی شکایات کے ازالے ، اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔میٹنگ کے دوران بروقت چالان عدالت میں جمع کرانے و دیگر قانونی امور کو احسن طریقے سے انجام کے متعلق موضوعات زیر بحث آئے۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور پولیسنگ کے تمام پہلوؤں میں بہتری لائی جائے ۔سی پی او ملتان نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں ۔