احاطہ تنازع پر فائرنگ، ایک شخص زخمی، مرکزی ملزم گرفتار
پانچ نامزد افراد کے خلاف مقدمہ درج، دیگر ملزموں کی تلاش جاری
بورے والا (نمائندہ دنیا) نواحی گاؤں 140 ای بی میں احاطہ کے تنازع پر فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص زخمی ہو گیا جبکہ پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرکے پانچ نامزد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ زخمی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق محسن عزیز اپنے گھر کے قریب موجود تھا کہ مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجہ میں وہ گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کی وجہ احاطہ کے قبضہ کا تنازع بتائی جا رہی ہے ۔اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی بورے والا رانا محمد عمران ٹیپو اور ایس ایچ او تھانہ صدر بورے والا مہر عباس پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم قمر غازی کو گرفتار کر لیا جبکہ واقعہ میں ملوث پانچ نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف ماضی میں بھی مختلف مقدمات درج ہیں۔ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔دریں اثنا واقعہ کی مبینہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے ۔ شہریوں نے فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔