وہاڑی، چھ کھلاڑی پاکستان جونیئر ہاکی کیمپ کے لیے منتخب

وہاڑی، چھ کھلاڑی پاکستان جونیئر ہاکی کیمپ کے لیے منتخب

ضلع کاہاکی کی تاریخ میں نمایاں اعزاز،الہلال ہاکی کلب کے 5 کھلاڑی شامل

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)ضلع وہاڑی کی ہاکی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل اس وقت رقم ہوا جب الہلال ہاکی کلب کے پانچ جبکہ ضلع بھر سے مجموعی طور پر چھ باصلاحیت کھلاڑی پاکستان جونیئر ہاکی کیمپ کے لیے منتخب کر لیے گئے ۔ ایک ہی وقت میں اتنی بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کا قومی سطح کے کیمپ میں انتخاب پورے ضلع کے لیے فخر کا باعث بن گیا۔منتخب ہونے والے کھلاڑیوں میں محمد ارسلان مغل، طحہ خان شیروانی، ساجد شمعون راؤ، اسداللہ خان راؤ، مہد کلیم اور بورے والا سے احتشام شامل ہیں۔ کھیلوں کے حلقوں کے مطابق یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہاڑی میں ہاکی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جو قومی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔اس موقع پر طاہر شریف گجر ہاکی اسٹیڈیم میں منتخب کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔

جس میں الہلال ہاکی کلب کے صدر اور نیشنل گولڈ میڈلسٹ کوچ چوہدری طاہر شریف گجر، بین الاقوامی کھلاڑی سہیل منظور، انسپکٹر خرم اسرار گجر، راؤ تصور اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں کھلاڑیوں کو ہار پہنائے گئے اور ان کی کامیابی پر مبارکباد دی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری طاہر شریف گجر نے کہا کہ الہلال ہاکی کلب اب تک 16 مرد اور 2 خواتین کھلاڑی پاکستان ہاکی ٹیم تک پہنچا چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور مستقل مزاجی کے باعث یہ کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں اور امید ہے کہ یہ کھلاڑی مستقبل میں پاکستان اور وہاڑی کا نام روشن کریں گے ۔شرکاء نے منتخب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی کیمپ میں بہترین کارکردگی دکھا کر یہ نوجوان مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ شہریوں اور کھیلوں کے حلقوں نے اس کامیابی کو ضلع وہاڑی کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں