عیدالاضحی پر صفائی انتظامات، ستھرا پنجاب ٹیمیں متحرک رہیں
انجمن شہریاں کاآلائشوں کی بروقت تلفی پر انتظامیہ اور عملہ کوخراج تحسین
شجاع آباد،سکندرآباد (نامہ نگار)صدر انجمن تحفظ حقوق شہریان شجاع آباد ندیم شاہ نے عیدالاضحی کے موقع پر شہر اور تحصیل بھر میں صفائی کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ثناء رام چند کی نگرانی میں ستھرا پنجاب کی ٹیموں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔تفصیلات کے مطابق ندیم شاہ نے سرپرست اعلیٰ حاجی راؤ ارسلان، چیئرمین راؤ محمود علی، نائب صدر رانا ساجد نون اور جنرل سیکرٹری مظہر فرید انصاری کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کے دوران قربانی کے جانوروں کی باقیات اور آلائشوں کی بروقت منتقلی اور تلفی کے لیے انتظامیہ نے مؤثر اقدامات کیے ، جس کے باعث شہر اور دیہی علاقوں میں صفائی کی صورتحال تسلی بخش رہی۔
انہوں نے کہا کہ شدید گرم موسم کے باوجود اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ثناء رام چند، تحصیل منیجر ستھرا پنجاب حمزہ بھنڈر، رانا علی نون اور دیگر افسران و عملہ عید کے تینوں دن فیلڈ میں موجود رہے اور صفائی کے عمل کی خود نگرانی کرتے رہے ۔ ان کی مسلسل کاوشوں کے باعث تحصیل بھر میں صفائی کا نظام بلا تعطل جاری رہا۔ندیم شاہ نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی عملے نے ذمہ داری اور محنت سے فرائض انجام دیے ، جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی شہریوں کو اسی طرح بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں گی۔