مرکزی جنازگاہ وہاڑی میں تین شخصیات کی نماز جنازہ، بڑا اجتماع
سیاسی، سماجی و صحافتی شخصیات سمیت شہریوں کی شرکت، مرحومین سپرد خاک
وہاڑی (خبرنگار)مرکزی جنازگاہ وہاڑی میں تین مختلف شخصیات کی نماز جنازہ گزشتہ روز شام 6 بجے ایک ہی وقت میں ادا کی گئی، جس میں شہر بھر سے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ایک غیرمعمولی اجتماع دیکھنے میں آیا۔تفصیلات کے مطابق سابق ممبر پریس کلب وہاڑی و سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب یونین آف جرنلسٹس غلام رسول چاولہ، بابر عثمان اور محمد ندیم ساگر کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی، صحافتی، قانونی، کاروباری اور مذہبی حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات سمیت سینکڑوں افراد شریک ہوئے ۔نماز جنازہ میں سابق ایم این اے طاہر اقبال چوہدری، ایم پی اے ثاقب خورشید، صدر انجمن تاجران ارشاد بھٹی، صدر بار راؤ شیراز رضا، جنرل سیکرٹری مطلوب حسین جوئیہ، سابق صدور پریس کلب وہاڑی، سابق صدور بار، سینئر صحافیوں، وکلا اور دیگر معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اوردعائے مغفرت کی۔ نماز جنازہ کے بعد مرحومین کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کر دیا گیا۔مقررین اور شرکاء نے مرحومین کی صحافتی، سماجی اور خاندانی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا۔