جدید ٹیکنالوجی میں ماہر نوجوان قوم کا سرمایہ، خواجہ شفیق
سینئر سائبر ڈیفنس اینالسٹ خواجہ عبداللہ سے ملاقات، تصنیف پیش کی
ملتان (لیڈی رپورٹر)بزرگ تاجر رہنما اور چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے ابوظہبی سے آئے سینئر سائبر ڈیفنس اینالسٹ خواجہ محمد عبداللہ انور کو اپنی زندگی، جدوجہد اور تاجر برادری کے لئے خدمات پر مشتمل کتاب ‘‘محبت، خدمت اور مزاحمت کے 55 سال’’ پیش کی۔اس موقع پر خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا روشن مستقبل ہے اور جدید ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے نوجوان ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ محمد عبداللہ انور کی بین الاقوامی سطح پر خدمات اور کامیابیاں نوجوانوں کے لئے قابلِ تقلید مثال ہیں۔انہوں نے اپنی کتاب کے حوالے سے کہا کہ محبت، خدمت اور مزاحمت کے 55 سال ان کی زندگی کی جدوجہد، تاجر برادری کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے ، اتحاد و اتفاق کے فروغ اور خدمت کے سفر کی داستان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل ماضی کی جدوجہد سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے ۔سینئر سائبر ڈیفنس اینالسٹ خواجہ محمد عبداللہ انور نے خواجہ محمد شفیق کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ تاجروں کے حقوق، اتحاد اور فلاح کے لئے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی جدوجہد اور قربانیاں نئی نسل کے لئے مشعلِ راہ ہیں۔اس موقع پر خواجہ محمد انور، خواجہ محمد حسن اور خواجہ احمد نبیل بھی موجود تھے ۔ شرکاء نے خواجہ محمد شفیق کی تاجر برادری کے لئے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔