واسا کے ترقیاتی منصوبے خوش آئند، ملک ارشد اقبال

 واسا کے ترقیاتی منصوبے خوش آئند، ملک ارشد اقبال

منصوبوں کی بروقت تکمیل سے شہریوں کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہوگا

ملتان (لیڈی رپورٹر)ملتان سٹی ڈویلپمنٹ کونسل پاکستان کا اجلاس صدر ملک ارشد اقبال بھٹہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں شہر بھر میں جاری واسا ترقیاتی منصوبوں، شہری مسائل، عیدالاضحیٰ کے صفائی انتظامات اور ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں شرکاء نے کہا کہ سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لئے واسا کے ترقیاتی منصوبے خوش آئند ہیں، تاہم شہر کی متعدد اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز میں بیک وقت کام شروع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ٹریفک جام معمول بن چکا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔صدر کونسل ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شہری مشکلات کے خاتمے کے لئے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو محرم الحرام کے دوران مسائل میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

اجلاس میں کھودی گئی سڑکوں پر ملبہ، گردوغبار اور ماحولیاتی آلودگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ روزانہ پانی کا چھڑکاؤ، ملبہ فوری ہٹانے اور متبادل راستوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔شرکاء نے عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی علاقوں میں آلائشیں اور فضلہ بروقت نہ اٹھایا جا سکا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ واسا منصوبوں کی تکمیل کے لئے واضح ٹائم لائن جاری کی جائے اور محرم الحرام سے قبل اہم شاہراہوں پر جاری کام مکمل کئے جائیں۔ اجلاس میں متفقہ طور پر سٹی کونسل پاکستان کا نام تبدیل کرکے \"ملتان سٹی ڈویلپمنٹ کونسل پاکستان\" رکھنے کی بھی توثیق کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں