نواب مظفر خان کی قربانی حب الوطنی کی مثال،میاں نعیم

نواب مظفر خان کی قربانی حب الوطنی کی مثال،میاں نعیم

اولیاء کی دھرتی کے دفاع کیلئے آخری سانس تک جدوجہد کی ، بیان

ملتان (خصوصی رپورٹر)معروف ماہر تعلیم و سماجی رہنما میاں نعیم ارشد نے 2 جون 1818ء کے سانحہ سقوط ملتان کے موقع پر نواب مظفر خان شہید اور ان کے رفقاء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ملتان کے دفاع، آزادی اور وقار کی خاطر اپنے بیٹوں سمیت جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن دشمن کے سامنے سر نہیں جھکایا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 2 جون 1818ء ملتان کی تاریخ کا ایک المناک دن ہے ، جب قلعہ ملتان پر حملے کے بعد شہر کو شدید تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ نواب مظفر خان کی قربانی استقامت، جرات اور حب الوطنی کی روشن مثال ہے ، جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔میاں نعیم ارشد نے کہا کہ نئی نسل کو نواب مظفر خان کی جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ملتان کے عوام اپنے ان ہیروز پر فخر کرتے ہیں جنہوں نے اپنی دھرتی کے دفاع کے لئے آخری سانس تک مزاحمت کی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نواب مظفر خان شہید کو قومی ہیرو کا درجہ دیا جائے اور ان کے کارناموں کو نصابی کتب میں شامل کیا جائے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ چودھری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا نام نواب مظفر خان شہید کے نام سے منسوب کیا جائے کیونکہ یہ مقام ان کی جائے پیدائش اور شیش محل سے منسلک رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں نواب مظفر خان شہید کے نام سے ایک نئی یونیورسٹی قائم کی جائے اور سرکاری سطح پر ان کی خدمات و قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لئے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں