بجٹ میں عوام کو زیادہ ریلیف دیا جائے ، احمد مجتبیٰ گیلانی
مہنگائی، بجلی،گیس، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں سے عوام کو مشکلات
ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی کے رہنما سید احمد مجتبیٰ گیلانی اور میاں محمد عظیم سعید نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی سے متاثرہ طبقات کی مشکلات کم کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام گزشتہ کئی برسوں سے مہنگائی، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔ اشیائے ضروریہ، ادویات، تعلیمی اخراجات اور ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے نرخوں نے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ کو حقیقی معنوں میں عوام دوست بنایا جائے اور ایسے اقدامات کئے جائیں جن کے ثمرات براہ راست عام آدمی تک پہنچ سکیں۔
بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ حد تک کمی لا کر مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جا سکتا ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں نئے ٹیکسوں کا نفاذ یا موجودہ ٹیکسوں میں اضافہ عوام اور کاروباری طبقے کے لئے مزید مشکلات پیدا کرے گا۔ حکومت کو ٹیکسوں کی شرح برقرار رکھنے یا ممکنہ حد تک کمی کرنے پر غور کرنا چاہئے تاکہ کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تنخواہ دار طبقے ، پنشنرز، مزدوروں، کسانوں، چھوٹے تاجروں اور متوسط طبقے کے لئے خصوصی ریلیف پیکجز، کم از کم اجرت میں اضافہ، زرعی مراعات اور آسان مالی سہولتوں کا اعلان کیا جائے ۔