دہشتگردی کیخلاف کوششیں جلد کامیاب ہوں گی، تیمور مہے
جعفر ایکسپریس حملے کے شہید مہرراشد چاون کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت
ملتان (لیڈی رپورٹر)تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر این اے 148 بیرسٹر ملک تیمور الطاف مہے نے کوئٹہ میں جعفر ایکسپریس حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان مہر محمد راشد چاون کے اہلخانہ سے تعزیت، فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا۔ وہ اپنے ذاتی مفادات اور بیرونی طاقتوں کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ملک میں بدامنی اور دہشت گردی پھیلا رہے ہیں اور بے گناہ لوگوں کے خون سے کھیل رہے ہیں۔
بیرسٹر تیمور الطاف مہے نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملک و قوم کی سلامتی اور دفاع میں مثالی کردار ادا کیا ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی اور وہ وقت دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی امن، استحکام اور باہمی تعاون کا داعی رہا ہے ۔ دنیا میں امن کے قیام کے لئے پاکستان کی سفارتی اور مثبت کاوشیں قابل تحسین ہیں۔آخر میں شہید کے درجات کی بلندی، اہلخانہ کے صبر جمیل اور ملک کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔