میپکو کا بجلی چوروں، نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن

میپکو کا بجلی چوروں، نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن

متعدد ٹرانسفارمرز، میٹرز اور انورٹرز ضبط، صارفین کیخلاف مقدمات درج

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ راجن پور، جامپور، احمد یار، ہڑپہ اور مخدوم پور کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران متعدد ٹرانسفارمرز، انورٹرز، میٹرز اور دیگر سامان اتار لیا گیا جبکہ کئی افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ۔راجن پور میں میپکو ٹیم نے بستی نصیب آباد میں 9 افراد کو ایل ٹی لائن سے براہ راست کنڈیاں لگا کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تار قبضے میں لے کر مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں بھجوا دی گئیں۔جامپور کے علاقے بستی چاہ خواجے والا میں ریکوری آپریشن کے دوران دو نادہندگان بجلی چوری کرتے پکڑے گئے ۔ ٹیم کو ہراساں کرنے اور سرکاری کارروائی میں مداخلت پر دونوں افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔

احمد یار سب ڈویژن میں لاکھوں روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 13 زرعی ٹیوب ویل کنکشن منقطع کر کے 13 سولر انورٹرز، 3 ایل ٹی اسپین اور 8 میٹرز اتار لئے گئے ۔ آپریشن کے دوران ایک بجلی چور بھی پکڑا گیا جبکہ ایک لاکھ 14 ہزار روپے کی ریکوری کی گئی۔ہڑپہ میں ریکوری کارروائی کے دوران ایک نادہندہ صارف اور اس کے ساتھیوں نے میپکو اہلکار کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور سرکاری ریکارڈ کو نقصان پہنچایا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ بقایا رقم بھی وصول کر لی گئی۔مخدوم پور میں دو کروڑ 22 لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 7 زرعی ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرز، 36 میٹرز اور 600 فٹ ایل ٹی لائن اتار لی گئی۔ کارروائی کے دوران دو بجلی چور بھی پکڑے گئے اور ان کے خلاف مقدمات درج کر دیئے گئے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں