صحت دشمنوں کے گرد گھیرا تنگ ، گرینڈ آپریشن
ملک شاپس، ڈرنک کارنر، کریانہ سٹورز،سویٹ شاپس کی انسپکشن، 25کلو غیر معیاری خوراک، 10لٹر رینسڈ آئل تلف، دکانداروں پر بھاری جرمانہ عائد، مقدمات کی درخواستیں ارسال شوگر سیرپ میں حشرات کی موجودگی پر بیکری کو 20ہزار ، ایکسپائری مربہ جات، ریسپی مصالحے ،غیر معیاری بسکٹ فروخت کرنے پر 15ہزار جرمانہ،معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈی جی
ملتان (لیڈی رپورٹر)شہریوں تک محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کا مشن جاری، ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر ملتان ڈویژن میں ملک شاپس، ڈرنک کارنرز، کریانہ سٹورز، سویٹس اینڈ بیکرز سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، 25 کلو غیر معیاری خوراک، 10 لٹر رینسڈ آئل تلف، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں متعدد فوڈ پوائنٹس کو چیک کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں اڈہ 9 کسی وہاڑی روڈ پر بیکری کو ممنوعہ اور کھلے اجزاء کی ملاوٹ، شوگر سیرپ میں مردہ حشرات پائے جانے پر 20 ہزار، اڈہ مخدوم رشید میں کریانہ کو ایکسپائری مربہ جات، ریسپی مصالحے اور غیر معیاری بسکٹ فروخت کرنے پر 15ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ پل براراں پر 3ملک شاپس کو دودھ کا معیار بہتر نہ ہونے ، صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر مجموعی طور پر 20 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ۔ اسی طرح ماڈل ٹاؤن چوک پر واقع کولڈ کارنر کو ایکسپائری سنیکس کی موجودگی پر 15 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
اسکے علاؤہ جسونت نگر چوک خانیوال میں سویٹس اینڈ سموسہ پوائنٹ کو فرائنگ کیلئے رینسڈ آئل کا استعمال کرنے ، برتنوں کی صفائی کیلئے آلودہ ڈرموں کا استعمال، پانی میں حشرات پائے جانے پر 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ جبکہ احمد نگر میں سویٹس پروڈکشن یونٹ کو مٹھائی کی تیاری میں ممنوعہ اجزاء اور کھلے رنگ کے استعمال، صاف پانی کا استعمال نہ کرنے پر 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ مزید تحصیل بازار وہاڑی میں ناشتہ پوائنٹ کو ورکنگ ٹیبل پر مردہ حشرات پائے جانے ، ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس نہ ہونے پر 15 ہزار روپے اور مین چیچہ وطنی روڈ بوریوالا میں پیزا پوائنٹ کو ایکسپائری سوسز اور بریڈ کے استعمال پر 30 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ مزید برآں لودھراں کے علاقے کہروڑ پکا چوک، بہاولپور روڈ اور لاری اڈہ گیلے وال میں 3 سویٹس اینڈ بیکرز کو صفائی کے ناقص انتظامات، غیر معیاری اجزاء اور کھلے رنگ کے استعمال اور خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنے پر مجموعی طور 40 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ۔