بس سے اترنے کے بعد خاتون بچوں سمیت لاپتہ

بس سے اترنے کے بعد خاتون بچوں سمیت لاپتہ

بیوی اور دو بچوں کو فوری بازیات کرایا جائے ، وقار احمد کی پریس کانفرنس

میلسی (نامہ نگار) قائم پور تحصیل حاصل پور کے رہائشی اٹو رکشا مکینک وقار احمد نے اپنی اہلیہ اور دو بچوں کے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے پر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پولیس سے فوری کارروائی اور بازیابی کا مطالبہ کیا ہے ۔وقار احمد کے مطابق ان کی اہلیہ نادرہ اپنے آٹھ سالہ بیٹے سکندر اور بیٹی دعا فاطمہ کے ہمراہ ملتان سے قائم پور جانے کے لیے نجی بس نمبر CAC-6805 پر سوار ہوئی تھیں۔ تاہم وہ میلسی پہنچ کر بس سے اتر گئیں جس کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد اہلیہ کا موبائل فون بھی مسلسل بند جا رہا ہے جس کے باعث گھر والے شدید ذہنی پریشانی کا شکار ہیں۔ اہلخانہ نے مختلف مقامات پر تلاش کی لیکن تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔وقار احمد کے مطابق اس حوالے سے ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی گئی جس پر سب انسپکٹر غلام مرتضیٰ موقع پر پہنچے اور درخواست بھی وصول کی گئی، تاہم پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آئی۔متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر خاتون اور بچوں کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے اور ان کی تشویش دور کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں