محرم سکیورٹی انتظامات، ڈی پی او کا جلوس روٹس کا دورہ

محرم سکیورٹی انتظامات، ڈی پی او کا جلوس روٹس کا دورہ

مجالس اور جلوسوں کیلئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد نے محرم الحرام کے سلسلہ میں سرکل کبیروالا کے مختلف جلوس روٹس اور مجالس کے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او کبیروالا منور گجر، متعلقہ ایس ایچ اوز اور دیگر ضلعی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ڈی پی او محمد عابد نے جلوسوں کے روٹس، داخلی و خارجی راستوں، مجالس کے مقامات، ناکہ بندی کے انتظامات، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم اور ٹریفک مینجمنٹ پلان کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے تمام انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری رکھی جائے ۔دورے کے دوران ڈی پی او نے جلوس منتظمین اور لائسنس ہولڈرز سے بھی ملاقات کی اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے انتظامیہ، پولیس، منتظمین اور عوام کے درمیان باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے ۔محمد عابد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جبکہ مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر تعینات اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں تاکہ محرم الحرام پرامن ماحول میں گزر سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں