1کروڑ 27 لاکھ افراد کا اکنامک سروے مکمل
پنجاب بھر میں ملتان ڈویژن کا دوسرا نمبر، 20لاکھ افراد کا سروے باقی، لودھراں 93، خانیوال 89، وہاڑی 87، جلال پور پیروالا کی 99فیصد آبادی کا سوشیو اکنامک سروے کر لیا گیا 30 جون تک سروے کے مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کئے جائیں، آخری مرحلے میں زیادہ محنت، بہتر حکمت عملی اور اضافی افرادی قوت درکار، کمشنر عامر کریم خان کا اجلاس سے خطاب
ملتان( وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری سروے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری قمر زمان قیصرانی، ڈپٹی ڈائریکٹر و ریجنل سپروائزر محمد حسنین حیدر، ضلعی منیجر ڈاکٹر سید وقاص شبیر سمیت متعلقہ افسر شریک ہوئے جبکہ ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن پنجاب میں پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری سروے کی تکمیل کے حوالے سے دوسرے نمبر پر آ چکا ہے ۔ ڈویژن کی ایک کروڑ 47 لاکھ سے زائد آبادی میں سے ایک کروڑ 27 لاکھ افراد کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر 20 لاکھ آبادی کا سروے باقی ہے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع لودھراں 93 فیصد تکمیل کے ساتھ ڈویژن میں سرفہرست ہے جبکہ خانیوال 89 فیصد اور وہاڑی 87 فیصد تکمیل کے ساتھ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ تحصیل جلال پور پیر والا 99 فیصد تکمیل کے ساتھ پنجاب بھر میں نمایاں پوزیشن حاصل کئے ہوئے ہے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 30 جون تک سروے کے مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سروے کے آخری مرحلے میں زیادہ محنت، بہتر حکمت عملی اور اضافی افرادی قوت درکار ہے کیونکہ باقی رہ جانے والی آبادی نسبتاً مشکل اور چیلنجنگ علاقوں پر مشتمل ہے ۔ عامر کریم خاں کا خونی برج فصیل کے بیوٹیفکیشن ورک کا جائزہ لیا ۔ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن نے بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس محمد ندیم ملک بھی موجود تھے ۔کمشنر ملتان ڈویژن نے حرم گیٹ چوک کا بھی دورہ کیا۔بزرگ شہریوں سے گفتگو بھی کی۔بزرگ شہریوں نے انتظامیہ اور ہارٹی کلچر ایجنسی کے اقدامات کو سراہا۔