میلسی میں بھی پٹواریوں کی ہڑتال 27ویں روز میں داخل
سائلین کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا، لینڈ ریکارڈ سے متعلق کام متاثر
میلسی(نمائندہ دنیا) پنجاب بھر کی طرح میلسی میں بھی پٹواریوں کی قلم چھوڑ ہڑتال 27ویں روز میں داخل ہو گئی ہے جس کے باعث سینکڑوں سائلین کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق رجسٹریوں کے اندراج، نقول کے اجرا، موقع رپورٹوں اور دیگر اراضی معاملات کی انجام دہی متاثر ہو گئی ہے جبکہ متعدد اہم امور بھی التواء کا شکار ہیں، جس سے شہریوں کے روزمرہ کے لینڈ ریکارڈ سے متعلق کام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔انجمن پٹواریان میلسی کے صدر شہباز حسن اور سابق صدر اسد عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2015ء میں منظور شدہ سمری پر تاحال مکمل عملدرآمد نہیں ہوا جس کے باعث ترقی، سروس اسٹرکچر اور مالی مراعات سمیت دیگر بنیادی مطالبات کئی برسوں سے حل طلب ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعدد بار حکام کی توجہ دلانے کے باوجود مطالبات پر سنجیدہ پیش رفت نہیں کی گئی جس کے باعث مجبوراََ قلم چھوڑ ہڑتال جاری رکھنا پڑ رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک تحریری طور پر مطالبات کی منظوری اور عملدرآمد کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی، ہڑتال جاری رہے گی۔ دوسری جانب سائلین نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہڑتال کے باعث عوامی مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، لہٰذا جلد از جلد مسئلہ حل کر کے دفاتر میں معمول کا کام بحال کیا جائے ۔