ہائی ایس الٹنے سے ایک مسافر جاں بحق، 2شدید زخمی
گردیزی موڑ پر حادثہ، نواز دم توڑ گیا، سوار احمد، منظور بی بی ہسپتال منتقل
ملتان (کرائم رپورٹر)تھانہ بستی ملوک کے علاقے میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ۔ پولیس نے واقعے کی قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔پولیس کے مطابق ملتان سے بہاولپور جانے والی ہائی ایس اڈا گردیزی موڑ کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہائی ایس کا ڈرائیور غلط سمت سے آنے والی کار کو بچانے کی کوشش میں گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور تیز رفتاری کے باعث ہائی ایس الٹ گئی۔حادثے کے نتیجے میں ہائی ایس میں سوار احمد، منظور بی بی اور نواز زخمی ہو گئے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا، تاہم نواز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا۔اطلاع ملنے پر بستی ملوک پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری شواہد اکٹھے کرنے کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔