ایف بی آر کے پیچیدہ گوشوارے بڑا مسئلہ، خواجہ سلیمان
حکومت مقامی زبانوں میں آسان ٹیکس نظام متعارف کرائے ، شیخ جاوید
ملتان (لیڈی رپورٹر)وزارت خزانہ کی جانب سے چھوٹے تاجروں کو درپیش مسائل کے حل، آسان ٹیکس سکیم اور دیگر تجاویز کو آئندہ بجٹ میں شامل کرنے کی یقین دہانی پر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے رہنماؤں نے حکومتی اقدام کا خیرمقدم کیا ہے ۔مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، شیخ جاوید اختر، سید جعفر علی شاہ، خالد محمود قریشی، حاجی ندیم قریشی اور دیگر عہدیداروں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ملک بھر کے لاکھوں چھوٹے تاجر ایف بی آر کے پیچیدہ گوشواروں اور مختلف ٹیکسز کے باعث شدید مشکلات کا شکار تھے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ سے ملاقات کے دوران حکومت نے مقامی زبانوں، بشمول اردو، پنجابی، سندھی، پشتو اور بلوچی میں آسان ٹیکس نظام متعارف کرانے سمیت متعدد تجاویز منظور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تاجر رہنماؤں کے مطابق دکاندار آڈٹ کے خوف کا شکار تھے ، جبکہ مجوزہ 0.5 فیصد ٹیکس اور 25 ہزار روپے سالانہ فکس ٹیکس کی تجویز سے ٹیکس نظام میں بہتری آئے گی اور تاجروں کو سہولت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی تنظیم تاجران کی تجاویز پر مکمل عمل درآمد کیا گیا تو نہ صرف تاجروں کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ ریاست کو بھی معاشی طور پر فائدہ پہنچے گا اور ملکی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔