ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کی زیرصدارت محرم انتظامات کا جائزہ
صرف منظور شدہ اور شیڈول میں شامل جلوسوں ،مجالس کی اجازت ہوگی :عثمان طاہر
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ ،ایم پی اے اجمل خان چانڈیا اور ڈی پی او غضنفر شاہ کی زیرِ صدارت ضلع کونسل ہال میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ایڈیشنل ڈی سی جنرل یوسف چھینہ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی علی سمیر، لائسنس داران، علمائے کرام، اہلِ تشیع رہنماؤں، جلوس و مجالس کے منتظمین، متعلقہ محکموں کے افسروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم کے دوران امن و امان، سکیورٹی، صفائی ، لائٹنگ، نکاسی آب، ٹریفک مینجمنٹ، طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ شرکاکی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور مسائل حل کیلئے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر محرم کے دوران عزاداران کو پرامن، محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ بین المسالک ہم آہنگی، اتحاد، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ صرف منظور شدہ اور شیڈول میں شامل جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہوگی کسی نئے جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ڈی پی او غضنفر شاہ نے کہا پولیس کی جانب سے محرم کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائینگے ۔ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر اضافی نفری تعینات ہوگی حساس مقامات کی خصوصی نگرانی کی جائیگی تاکہ عزاداران کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر صفائی ، سٹریٹ لائٹس کی بحالی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب، رکاوٹوں کے خاتمے اور دیگر ضروری سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ باہمی رابطے سے فرائض انجام دیں تاکہ محرم کے دوران بہترین انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔ شرکانے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کومحرم کے دوران امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔