شاہ جمال،پیرا کی کارروائی مزاحمت پر متعدد دکاندار گرفتار
مونڈکا (نامہ نگار) شاہ جمال میں سرکاری کارروائی کے دوران بعض دکانداروں کی جانب سے مزاحمت اور ہنگامہ آرائی کا واقعہ پیش آیا، جس پر متعدد دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔۔۔۔
تفصیلات کے مطابق متعلقہ ادارے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے موقع پر موجود تھے کہ بعض افراد نے کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی اور سرکاری اہلکاروں کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے کی کوشش کی۔ذرائع کے مطابق مزاحمت کے باعث صورتحال کچھ دیر کے لیے کشیدہ ہو گئی، تاہم پیرا فورس نے فوری اور مؤثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کر لیا۔بعد ازاں واقعے میں ملوث نامزد دکانداروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے ۔انتظامیہ کے مطابق قانون کی عملداری اور حکومتی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور سرکاری امور میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہری حلقوں نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔