ماہر ابلاغیات ڈاکٹر شہزاد علی انتقال کر گئے
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے سابق چیئرمین شعبہ ماس کمیونیکیشن، ممتاز ماہر ابلاغیات، محقق اور استاد ڈاکٹر شہزاد علی انتقال کر گئے ۔ وہ طویل عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھے ۔
انہوں نے جگر کی پیوندکاری بھی کرائی تھی تاہم آپریشن کامیاب نہ ہو سکا اور وہ گزشتہ روز وفات پا گئے ۔ان کی نماز جنازہ بعد نماز عصر یونیورسٹی میں ادا کی گئی جس میں اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تعلیمی حلقوں نے ان کی وفات کو گہرے رنج و غم کے ساتھ ایک بڑا علمی نقصان قرار دیا ہے ۔ڈاکٹر شہزاد علی کا شمار ملک کے ممتاز اساتذہ میں ہوتا تھا جنہوں نے صحافت اور ابلاغیات کے شعبے میں تدریس، تحقیق اور ادارہ سازی کے ذریعے نمایاں خدمات انجام دیں۔