خان گڑھ : امن پروگرام، علماء و مشائخ کی بھرپور شرکت
خان گڑھ (سٹی رپورٹر ) محرم الحرام کے مقدس ایام میں ضلع مظفرگڑھ میں امن و امان کے قیام، مذہبی رواداری کے فروغ اور بین المسالک ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے متحدہ علماء مشائخ امن کونسل کے سفیرِ امن کارواں کے وفد نے گزشتہ روز خان گڑھ میں آستانہ گل حسن شاہ پر منعقدہ خصوصی امن پروگرام میں شرکت کی۔
یہ پروگرام سید طاہر عباس شاہ بخاری اور لائسنس دار ابوذر خان بلوچ کی دعوت پر منعقد کیا گیا۔ اس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، مشائخ عظام، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، برداشت، اخوت اور حق و صداقت پر قائم رہنے کا درس دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو اتحاد و یگانگت کی اشد ضرورت ہے اور تمام طبقات کو امن کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔آخر میں ملک و ملت، اتحادِ امت اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔