مظفر گڑھ،محرم الحرام کیلئے ریسکیو کا جامع پلان تیار
مجالس و جلوسوں میں بہترین ایمرجنسی سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کا فیصلہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)محرم الحرام کے دوران عزاداران کو بہترین ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کے لیے ریسکیو 1122 مظفرگڑھ کا جامع ایمرجنسی کور پلان حتمی شکل اختیار کر گیا۔ اس سلسلے میں ضلعی ہیڈکوارٹر ریسکیو 1122مظفرگڑھ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبید اللہ خان نے کی۔اجلاس میں ضلع بھر کے تحصیل انچارجز، کنٹرول روم، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے لیے مرتب کیے گئے ایمرجنسی کور پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف انتظامی، آپریشنل اور لاجسٹک امور پر غور کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبید اللہ خان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ریسکیو 1122 کے تمام افسران اور اہلکار جذبئہ خدمت کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں گے۔