قومی شاہراہوں پر ہنگامی سروسز فراہم کی جائیں،رانا اصغر
حادثات میں قیمتی جانیں بچانے کیلئے ہر 40کلومیٹر پرسروس ایریا ضروری
ملتان (لیڈی رپورٹر) آل پاکستان بس اونرز پبلک ٹرانسپورٹس فیڈریشن ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کا اجلاس صدر رانا محمد اصغر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں قومی شاہراہوں پر مسافروں کو بہتر حفاظتی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا محمد اصغر نے کہا کہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر گاڑیوں کے حادثات یا آگ لگنے کی صورت میں فوری امداد کیلئے ہر 30 سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر سروس ایریاز قائم کئے جائیں جہاں ایمبولنس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی سہولیات دستیاب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صرف ریونیو اکٹھا کرنے کے بجائے موٹرویز پر عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرے ۔ ٹرانسپورٹرز کو بھی ہدایت کی گئی کہ شمالی علاقہ جات میں گاڑیاں بھیجنے سے پہلے ڈرائیورز کے آرام اور نیند کو یقینی بنایا جائے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے ۔ رانا محمد اصغر نے وزیراعلیٰ پنجاب ، وفاقی وزیر مواصلات ، آئی جی موٹروے اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہوں پر فوری سروس ایریاز قائم کئے جائیں تاکہ مسافروں کا محفوظ سفر یقینی بنایا جا سکے ۔