سکول بیسڈ اسسمنٹ : 3 لاکھ طلبہ کا ریکارڈ غائب
اسسمنٹ نتائج اپ لوڈ نہ ہونے پر محکمہ تعلیم کے ہنگامی اقدامات کا حکم
ملتان (خصوصی رپورٹر)سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب بھر میں سکول بیسڈ اسسمنٹ کے تقریباً 3 لاکھ طلبہ کا ریکارڈ تاحال سسٹم میں موجود نہیں، جس پر ہنگامی اقدامات کا حکم دے دیا گیا۔محکمہ تعلیم کے مطابق متعدد سکول سربراہان کی جانب سے طلبہ کے نتائج اور متعلقہ ڈیٹا بروقت اپ لوڈ نہ کرنے کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو افسر ایجوکیشن اور ضلعی فوکل پرسنز کو فوری مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع کے سکول سربراہان سے فوری رابطہ کر کے زیر التوا اسسمنٹ ڈیٹا جلد مکمل کرایا جائے تاکہ طلبہ کے نتائج کی درست اور مکمل رپورٹنگ ممکن ہو سکے ۔محکمہ کے مطابق نامکمل ریکارڈ نہ صرف طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کے تجزیے میں رکاوٹ بن رہا ہے بلکہ آئندہ تعلیمی منصوبہ بندی اور پالیسی سازی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ افسران کو ضلعی سطح پر مسلسل نگرانی، سکولوں کو درپیش تکنیکی مسائل کے حل اور گمشدہ ڈیٹا کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ محکمہ تعلیم نے اس معاملے کو اعلیٰ ترجیح قرار دیتے ہوئے فوری کارروائی پر زور دیا ہے۔