ملک میں سوا 2 کروڑ افراد تمباکو کے عادی، سروے

ملک میں سوا 2 کروڑ افراد تمباکو کے عادی، سروے

تمباکو نوشی سے سالانہ 1لاکھ 64ہزارافراد جان کی بازی ہار جاتے

ملتان (لیڈی رپورٹر)آلٹر نیٹو ریسرچ اینیشیٹو اور اس کی ممبر تنظیموں نے وفاقی وزارت صحت سے پاکستان سے متعلق گلوبل ایڈلٹ ٹوبیکو سروے (GATS) 2024 کا مکمل ڈیٹا جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔اعدادوشمار کے مطابق 2014 سے 2024 کے دوران پاکستان میں تمباکو کے استعمال میں 15.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، تاہم اس کے باوجود ملک میں تقریباً 2 کروڑ 27 لاکھ بالغ افراد تمباکو کی مختلف مصنوعات استعمال کر رہے ہیں۔سروے کے مطابق سیکنڈ ہینڈ سموک کی نمائش اور تمباکو کی تشہیر اب بھی عوامی مقامات اور نوجوانوں میں وسیع پیمانے پر موجود ہے ۔

ہر سال تمباکو سے جڑی بیماریوں کے باعث تقریباً 1 لاکھ 64 ہزار افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں جو یومیہ تقریباً 450 اموات بنتی ہیں۔یہ سروے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پاپولیشن اسٹڈیز ٹریننگ اینڈ ریسرچ نے وزارت قومی صحت اور عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے مکمل کیا، جس میں 11 ہزار سے زائد انٹرویوز کئے گئے اور 95.6 فیصد ردعمل حاصل ہوا۔ اے آر آئی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ارشد علی سید نے کہا کہ تمباکو کے استعمال میں کمی ایک بڑی کامیابی ہے تاہم ترکِ سگریٹ نوشی کے حوالے سے مزید معاون اقدامات ضروری ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کو تمباکو سے پاک بنانے کیلئے موثر پالیسیوں اور مضبوط معاونت کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں