مہنگائی اور ڈیزل بحران، کسان بیلوں سے ہل چلانے پر مجبور
زرعی اخراجات بڑھنے سے جدید کاشتکاری متاثر، روایتی طریقے دوبارہ اپنانے لگے
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مہنگائی کے باعث جدید زرعی نظام ایک بار پھر زوال کا شکار ہونے لگا ہے ۔جہاں کبھی فصلوں کی بوائی کے دوران ٹریکٹروں کی گونج سنائی دیتی تھی، اب وہاں لکڑی کی پنجالی میں جُتے بیل کھیتوں میں ہل چلاتے دکھائی دینے لگے ہیں۔کسانوں کا کہنا ہے کہ ڈیزل اور زرعی اخراجات میں بے پناہ اضافے نے ان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ، جس کے باعث وہ جدید زرعی مشینری کے استعمال سے گریز کرتے ہوئے روایتی طریقۂ کاشتکاری اپنانے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق عالمی توانائی بحران اور مقامی سطح پر ایندھن کی بلند قیمتوں نے خصوصاً چھوٹے کاشتکاروں کو شدید متاثر کیا ہے ، جس کے نتیجے میں زرعی شعبہ میں ایک بار پھر بیلوں کے ذریعے ہل چلانے جیسے پرانے طریقے واپس آتے نظر آ رہے ہیں۔