بجٹ میں سرائیکی وسیب کو نظر انداز کیا گیا، مخدوم احمد

بجٹ میں سرائیکی وسیب کو نظر انداز کیا گیا، مخدوم احمد

بجٹ عوام دوست نہیں ، غریب ، متوسط طبقے کیلئے مشکلات بڑھانے والا ہے

ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود، خواجہ رضوان عالم، عبدالقادر شاہین، ملک نسیم حسین لابر اور خواجہ عمران نے پنجاب کے مالی سال 2026-27 کے بجٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بجٹ میں جنوبی پنجاب، خصوصاً سرائیکی وسیب کو نظر انداز کر کے امتیازی رویہ اختیار کیا ہے ۔ ان کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور دیگر شہروں کیلئے تقریباً 242 ارب روپے مختص کئے گئے جبکہ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کیلئے صرف 12 سے 13 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ عوام دوست نہیں بلکہ غریب اور متوسط طبقے کیلئے مشکلات بڑھانے والا ہے۔ عوامی فلاح، زرعی شعبے کی بحالی اور کم آمدنی والے طبقات کیلئے مؤثر اقدامات شامل نہیں کئے گئے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے ۔پیپلزپارٹی رہنماؤں نے کہا کہ سرائیکی وسیب کے ساتھ مسلسل نظراندازی سیاسی نقصان کا باعث بنے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بجٹ میں فوری ریلیف دیا جائے اور جنوبی پنجاب کی خواہشات کے مطابق الگ صوبے کے قیام پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں