ملتان میں انڈر 13، 16اور 19 کرکٹ ٹرائلز کا انعقاد
سمر کیمپ کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تربیت فراہم کی جائے گی
ملتان (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 2026 کو نوجوانوں کا سال قرار دیئے جانے کے سلسلے میں صوبائی وزیر کھیل فیصل کھوکھر کی ہدایت پر پنجاب بھر میں مختلف کھیلوں کے سمر کیمپس کا انعقاد جاری ہے ۔اسی سلسلے میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب ملتان ڈویژن کے زیر اہتمام کرکٹ کے سمر کیمپ کیلئے انڈر 13، انڈر 16 اور انڈر 19 بوائز و گرلز کے ٹرائلز ڈویژنل سپورٹس کمپلیکس ملتان میں منعقد ہوئے ، جس میں کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان عطاالرحمن خان نے خصوصی شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عدنان نعیم، ڈویژنل کوچز ناصر حسین مرزا، عدنان، سلیکشن کمیٹی کے ارکان محمد علی، جعفر جام اور منظور لطیف بھی موجود تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لئے۔ عطاالرحمن خان نے کہا کہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ نوجوان کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے۔ ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں کھیلوں کی اکیڈمیاں قائم کی جا رہی ہیں جہاں کھلاڑیوں کو سال بھر مفت تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو بہتر مواقع میسر آ سکیں۔