ستھرا پنجاب مہم کی کامیابی کیلئے انتظامیہ متحرک
فیلڈ مانیٹرنگ کا عمل تیز، ویسٹ کلیکشن، فیلڈ آپریشن مزید موثر بنانے کے احکامات، عملے کی کارکردگی ، حاضری چیک کرنے کیلئے ضلعی افسروں کو فیلڈ میں جانے کے احکامات صفائی آپریشن میں غفلت، لاپرواہی پر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، شہرکو صاف ستھرا رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،ڈی سی کا مختلف علاقوں کا دورہ
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی نظام میں بہتری کے لئے جاری فیلڈ مانیٹرنگ کے عمل کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسروں سے صفائی آپریشن کے بارے میں بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف علاقوں میں صفائی انتظامات، ویسٹ کلیکشن اور فیلڈ آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے فیلڈ عملے کی کارکردگی اور حاضری بھی چیک کی اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔محمد نعمان صدیق نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تمام علاقوں میں صفائی کے یکساں معیار کو یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی آپریشن میں غفلت، لاپرواہی یا ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور صفائی کے نظام میں بہتری کے لئے فیلڈ مانیٹرنگ کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا جائے گا۔