زکریا یونیورسٹی، مستقل خزانچی کی عدم تعیناتی، معاشی بحران مزید گہرا
ایمرسن یونیورسٹی کے خزانچی ندیم مشتاق کو بی زیڈ یو کا اضافی چارج تفویض، تعلیمی حلقوں ، یونیورسٹی عملے میں تشویش کی لہر ، فوری مستقل خزانچی تعینات کیا جائے ، سٹاف کا مطالبہ
ملتان(خصوصی رپورٹر)ایمرسن یونیورسٹی کے خزانچی کو زکریا یونیورسٹی کا بھی اضافی چارج دے دیاگیا،معاشی بحران گہرا ہونے کا خدشہ تفصیل کے مطابق ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے خزانچی ندیم مشتاق کو زکریا یونیورسٹی ملتان کے خزانچی کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے ، جس نے مقامی تعلیمی حلقوں اور یونیورسٹی کے عملے میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے ۔ گورنمنٹ آف دی پنجاب، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 18 جون 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، گورنر/چانسلر نے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر 4 ماہ کے لئے یا مستقل خزانچی کی تعیناتی تک یہ چارج تفویض کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ندیم مشتاق ایمرسن یونیورسٹی میں اپنے مبینہ متنازعہ طرزِ عمل اور مختلف طریقوں سے کرپشن کو قانونی تحفظ دینے کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں رہے ہیں اس فیصلے کے سامنے آتے ہی بی زیڈ یو کے ملازمین اور اساتذہ نے سخت تحفظات کا اظہار شروع کر دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ سابق خزانچی کو تین کروڑ روپے ادھار نہ دینے اور ہیوی گاڑی خرید نہ کرنے پر وائس چانسلر نے چارج نہیں دیا ہے اپنی کرپشن کے لئے جزو وقتی خزانہ دار کا اہتمام کیا ہے دوسری جانب، ایچ ای ڈی نے اسی نوٹیفکیشن میں وائس چانسلر بی زیڈ یو ملتان کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ خزانچی کی مستقل اسامی کے لئے فوری طور پر کم از کم دو قومی اخبارات میں دوبارہ اشتہار دیں اور ترجیحی بنیادوں پر اس عمل کو مکمل کریں تاکہ مزید قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔