دوکوٹہ، ٹبہ سلطان پور روڈز کی تعمیرتاحال اعلانات تک محدود
وزیراعلیٰ ، کمشنر ملتان سے خستہ حال سڑکیں فوری تعمیر کرائیں، اہل علاقہ کا مطالبہ
دوکوٹہ (نامہ نگار) دوکوٹہ سے ٹبہ سلطان پور، میلسی سائیفن اور اڈا پل سرلہ جانے والی اہم شاہراہیں طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جس کے باعث شہریوں کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اہل علاقہ کے مطابق وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کی جانب سے ٹبہ سلطان پور سے میلسی سائیفن اور دوکوٹہ چوک سے اڈا پل سرلہ تک سڑکوں کی تعمیر کے اعلان کو سوا سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے ، جبکہ سابق سپیکر پنجاب اسمبلی و سابق رکن قومی اسمبلی سعید احمد خان منیس کی جانب سے ٹبہ سلطان پور سے سائیفن مدینہ چوک تک ڈبل روڈ تعمیر کرانے کے اعلان کو بھی ایک سال سے زیادہ ہو گیا، مگر تاحال کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔تفصیلات کے مطابق دوکوٹہ چوک سے ٹبہ سلطان پور تک 17 کلومیٹر، ٹبہ سلطان پور سے میلسی سائیفن تک 25 کلومیٹر اور دوکوٹہ چوک سے اڈا پل سرلہ تک تقریباً 11 کلومیٹر سڑک بری طرح ٹوٹ چکی ہے۔
جگہ جگہ گہرے گڑھے پڑنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ، جبکہ حادثات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نئی گاڑیاں بھی ان خستہ حال سڑکوں پر چلتے ہوئے جلد خراب ہو جاتی ہیں۔اہل علاقہ کے مطابق متعدد بار منتخب نمائندوں کی توجہ اس مسئلے کی جانب دلائی گئی، جس پر مختلف اوقات میں سڑکوں کی تعمیر کے اعلانات کیے گئے ، تاہم یہ منصوبے تاحال عملی شکل اختیار نہیں کر سکے ۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سیاسی اختلافات کے باعث یہ منصوبے تاخیر کا شکار ہیں، جس کا نقصان عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ خستہ حال سڑکوں کی فوری تعمیر کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔