200 کلو مردہ جانوروں کا گوشت برآمد، دو ملزم گرفتار
دوران ناکا بندی رکشے کی تلاشی پر برآمدگی ، ہیبت اور محسن کیخلاف مقدمہ درج
میاں چنوں ،تلمبہ(سٹی رپورٹر ،نامہ نگار)میاں چنوں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی تلمبہ میں بڑی کارروائی، 200 کلو مردہ جانوروں کا گوشت برآمد، دو ملزم گرفتار ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تلمبہ میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر مردہ جانوروں کے گوشت کی سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ناکا بندی کے دوران ایک رکشے کو روک کر تلاشی لی، جس سے تقریباً 200 کلو گرام مردہ جانور کا گوشت برآمد ہوا ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق برآمد ہونے والا گوشت انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر تھا اور اسے مختلف علاقوں میں سپلائی کیے جانے کا خدشہ تھا۔ کارروائی کے دوران ہیبت ولد جہانگیر اور محمد محسن ولد جہانگیر کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔فوڈ اتھارٹی نے دونوں ملزموں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔
، جہاں ان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ برآمد ہونے والا تمام مردہ گوشت موقع پر ہی تلف کر دیا گیا تاکہ اسے کسی صورت انسانی خوراک کے طور پر استعمال نہ کیا جا سکے ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی جبکہ مضرِ صحت اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔