ملاوٹی مصالحہ تیار کرنے والا یونٹ سیل، مقدمہ درج

ملاوٹی مصالحہ تیار کرنے والا یونٹ سیل، مقدمہ درج

جہانیاں میں فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، 28 کلو مرچیں تلف کردی گئیں

ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مصالحہ جات میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ضلع خانیوال کی تحصیل جہانیاں میں ایک گرائنڈنگ یونٹ پر چھاپہ مار کر ملاوٹی سرخ مرچیں تلف کر دیں جبکہ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے علاقے 112 ٹن آر میں مصالحہ چکی کی انسپکشن کی۔ ٹیسٹ کے دوران سرخ مرچوں میں مضر صحت رنگ کی ملاوٹ ثابت ہوئی جس پر 28 کلو غیر معیاری مرچیں تلف کر دی گئیں۔فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر یونٹ کی پروڈکشن اصلاح تک بند کر دی گئی جبکہ مالک کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرا دی گئی۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ پنجاب بھر میں مصالحہ جات اور دیگر اشیائے خورونوش تیار کرنے والے یونٹس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔ جدید لیبارٹری ٹیسٹ، اچانک انسپکشنز اور مؤثر مانیٹرنگ کے ذریعے ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر معیاری یا مضر صحت خوراک کی تیاری یا فروخت کی اطلاع فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں